لاہور: نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (EDI) کے زیر اہتمام "عوامی مالیاتی انتظام و انصرام کی تربیتی ورکشاپ” (PFM-VII) کی ساتویں سیریز جمعرات 11 تا جمعہ 12 ستمبر 2025 کو منعقد ہوئی۔
اس ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو عوامی مالیاتی نظم و نسق میں اسٹریٹجک بنیادوں، بجٹ، اکاؤنٹنگ، آڈیٹنگ اور مالی خواندگی کے حوالے سے بنیادی قابلیت فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ میں مالیاتی وفاقیت، بین الحکومتی مالیات، ٹیکس کی تعمیل، مالیاتی شفافیت اور گورننس میں مصنوعی ذہانت (AI) کے کردار پر بھی تفصیلی مباحثہ ہوا۔
اس دو روزہ ورکشاپ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سول افسران سمیت نجی شعبے کے ایگزیکٹوز نے شرکت کی، جبکہ کل شرکاء کی تعداد 41 رہی۔ اہم اداروں کے نمائندگان میں سینیٹ سیکریٹریٹ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پیمرا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی، نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن، او جی ڈی سی ایل، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، اور مختلف سرکاری و نجی ادارے شامل تھے۔
ڈاکٹر نوید الٰہی، ڈین EDI، نے افتتاحی کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مالیاتی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے PFM کورس کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بجٹ، قرض کے انتظام، ٹیکس، شفافیت اور جوابدہی میں مہارت پیدا کرنے کے لیے تھیوری اور پریکٹس کو یکجا کرتا ہے۔
ورکشاپ کے پہلے روز ممتاز مہمان مقررین میں ڈاکٹر عشرت حسین (سابق مشیر وزیراعظم و گورنر اسٹیٹ بینک)، جناب سبطین فضل حلیم (سابق ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی) اور ڈاکٹر ارشد حسن (لاہور اسکول آف اکنامکس) شامل تھے جنہوں نے عوامی مالیاتی نظم و نسق، پروکیورمنٹ و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس اور ٹیکس اصلاحات پر لیکچر دیے۔
دوسرے دن طارق باجوہ (سابق گورنر اسٹیٹ بینک)، ڈاکٹر وقار مسعود (سابق وفاقی فنانس سیکریٹری)، محترمہ نمانہ گل رخ فرید (اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب) اور فیصل رشید و ڈاکٹر رضوان بشارت نے مالیاتی وفاقیت، بجٹ و اکاؤنٹنگ، مالیاتی شفافیت اور ترقی میں AI کے کردار پر جامع گفتگو کی۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا اور سوال و جواب کے سیشنز میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ تقریب کے اختتامی سیشن میں ریکٹر NSPP ڈاکٹر جمیل آفاقی نے ڈین EDI کے ہمراہ شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سراہا۔