عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ لیہ میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تحصیل چوبارہ کے چک نمبر 453 ٹی ڈی اے میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیہ محمد شاہد ملک، تحصیلدار چوبارہ محسن بخاری سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی درخواستیں سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے واضح کیا کہ عوامی مسائل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور افسران کی اولین ترجیح ہر درخواست گزار کو انصاف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا رہے ہیں، جبکہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور مسائل کو شفاف طریقے سے حل کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت کے مشن میں تیزی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام شہری کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ کسی بھی سطح پر کوتاہی، غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے یوسی لیہ تھل جنڈی میں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کروڑ محبوب اقبال ہنجرا نے تحصیل کروڑ کی یونین کونسل 306 ٹی ڈی اے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سنے۔