پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب سندھ میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث شہری علاقوں سے کچے کے دیہات کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جب کہ گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب آنے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں آنے والا یہ ریلا سندھ میں داخل ہوچکا ہے، جس سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس اور چاول سمیت دیگر فصلیں بھی مکمل طور پر زیرآب آگئی ہیں۔
ادھر حفاظتی بندوں پر دباؤ بڑھنے لگا ہے، جس کے پیشِ نظر حساس قرار دیے گئے کے کے بند اور اولڈ توڑی بند کو مضبوط بنانے کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے تاکہ بڑے پیمانے پر انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔