اسلام آباد: وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی بل معاف کر دیے گئے ہیں۔
اپنے بیان میں اویس لغاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بروقت اور عوام دوست فیصلے پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن صارفین سے اگست کے بجلی بل وصول کیے جا چکے ہیں، وہ واپس کیے جائیں گے تاکہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ پاور ڈویژن وزیرِ اعظم کے فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے گا، تاکہ متاثرہ خاندانوں پر بوجھ کم ہو۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے صارفین سے بجلی کے بلوں کی وصولی فوری طور پر روک دی جائے۔ اجلاس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی اس سلسلے میں سختی سے ہدایات جاری کی گئی تھیں۔