لیہ : ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے سکول وینز اور رکشوں میں طلبہ کی اوورلوڈنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے طلبہ کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورلوڈنگ کرنے والے ڈرائیورز اور اس میں سہولت دینے والے سرکاری و نجی سکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم، اے ڈی سی آر محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر/سیکرٹری آر ٹی اے حارث حمید خان، سی ای او تعلیم ڈاکٹر عبدالقویوم خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر ڈرائیورز اور سکول انتظامیہ حفاظتی تدابیر اختیار نہ کریں تو بلا تاخیر کارروائی کی جائے گی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے سکول چھٹی کے وقت خود مختلف رکشوں اور وینز کا معائنہ کیا۔ بچوں کی اوورلوڈنگ دیکھ کر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری آر ٹی اے کو فوری طور پر ضلع بھر میں تمام سکول وینز و رکشوں کا تفصیلی معائنہ کرنے اور حفاظتی اقدامات میں کمی پائے جانے پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔