لیہ (نامہ نگار) – ضلع لیہ میں پولیس کی جانب سے شرپسند عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کروڑ پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں دو ملزمان کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کروڑ عابد علی کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائیاں کیں۔ پہلی کارروائی میں سب انسپکٹر منصور علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا اور ملزم محسن رضا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ناجائز پسٹل بمعہ راؤنڈ برآمد کر لیا۔
دوسری کارروائی سب انسپکٹر محمد ارشد دھت کی قیادت میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزم حسن رضا کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے بھی ایک پسٹل برآمد کیا گیا۔

دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او عابد علی کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس پوری طرح متحرک ہے۔