لیہ: ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کو ڈینگی فری رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ ڈینگی لاروا کی سرویلنس تیز کی جائے اور نشیبی علاقوں میں خصوصی انسدادِ ڈینگی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان علاقوں میں لاروا کش ادویات کے چھڑکاؤ اور مچھر مار اسپرے کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں ممکنہ ڈینگی مریضوں کے لیے 16 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 5 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے، جہاں فوری طور پر لاروا کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔