بہاولپور : وفاقی محتسب ریجنل آفس بہاولپور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید فضل رضا رضوی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر کرنے والے افسران سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں عملدرآمد کے زیر التوا کیسز کی سماعت کی جن میں میپکو خان پور، ماڈل ٹاؤن، احمدپور اور میپکو چیف آفس سے متعلق درخواستیں شامل تھیں۔
سماعت کے دوران تقریباً 30 لاکھ روپے کا ریلیف عوام کو فراہم کیا گیا جبکہ آئی آر ڈی کے تحت آنے والی شکایات کو بھی سنا گیا۔ سید فضل رضا رضوی نے کہا کہ عوام بلاخوف و خطر وفاقی محکموں کے خلاف شکایات درج کرائیں، کیونکہ وفاقی محتسب فوری اور میرٹ پر انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے نظام میں ہر کیس کا فیصلہ 60 دن کے مختصر عرصے میں بغیر کسی فیس اور وکیل کے کیا جاتا ہے، جبکہ اس مشکل اور پریشان کن دور میں بغیر رشوت اور سفارش کے سائلین کو انصاف مہیا کیا جا رہا ہے۔
شکایت کنندگان نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں کہا کہ وفاقی محتسب واقعی غریب کی عدالت ہے جو عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرتا ہے۔