لیہ — ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر سول ڈیفنس امیر ابیدار کی ہدایت پر سول ڈیفنس کی ٹیم نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر محمد توقیر عباس نے شہر کے مختلف مقامات کا اچانک معائنہ کیا جس دوران غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی ری فلنگ پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا اور تھانہ سٹی لیہ میں تین ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمد توقیر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار کی ہدایت پر یہ کریک ڈاؤن جاری ہے اور غیر قانونی ری فلنگ میں ملوث عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بھی ہے۔ انسانی زندگیاں قیمتی ہیں اور کسی کو بھی ان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
محمد توقیر عباس نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی اس کارروائی کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے اس قسم کے آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے۔