
لیہ — ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت کمیشن ایجنٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمران ستار اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد عمران شہزاد سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کے تعین، بلا تعطل فراہمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی دستیابی سستے داموں ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب یا دیگر وجوہات کو جواز بنا کر مہنگائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اے ڈی سی جی نے ہدایت کی کہ سبزیاں اور پھل مناسب نرخوں پر فروخت کیے جائیں تاکہ صارفین کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا خیال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، جبکہ کمیشن ایجنٹس طے شدہ کمیشن سے تجاوز نہ کریں۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی شخص کو غیر ضروری مہنگائی کرنے یا عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹ کمیٹی اور متعلقہ ادارے قیمتوں کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔