ٹی20 ایشیا کپ 2025ء کے دسویں میچ میں گرین شرٹس نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نمایاں بلے باز رہے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 36 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 شاندار چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد وہ پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے قیمتی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 29 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 20 جبکہ محمد حارث نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان 5، خوشدل شاہ اور محمد نواز 4، 4 رنز بنا سکے جبکہ اوپنر صائم ایوب اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی بلے بازوں کی اس کارکردگی نے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع اسکور تک پہنچایا جس کے بعد باؤلرز نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔