لیہ: ضلع لیہ میں زمین و جائیداد کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے باعث مقامی پراپرٹی مارکیٹ جمود کا شکار ہو گئی ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کے مطابق پلاٹس کی قیمتیں اب بھی زیادہ ہیں لیکن خریدار نہ ہونے کے باعث لین دین تقریباً رُک گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق چند سال قبل زمین اور رہائشی پلاٹس میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی تھی، جس کے باعث قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔ تاہم حالیہ عرصے میں معاشی دباؤ، مہنگائی اور تعمیراتی اخراجات میں اضافے کے باعث عوام نے زمین یا گھر خریدنے میں دلچسپی لینا کم کر دی ہے۔
پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پلاٹس کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں۔ "روزانہ دفتر آنے کے باوجود کوئی سنجیدہ گاہک نہیں ملتا، مارکیٹ میں صرف پوچھ گچھ ہو رہی ہے لیکن خریداری نہیں” ایک مقامی ڈیلر نے بتایا۔
عوامی سطح پر بھی یہ رائے سامنے آئی ہے کہ رہائشی پلاٹس اور زمینوں کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے تاکہ عام لوگ بھی گھر بنانے کے خواب کو پورا کر سکیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے تو قیمتوں کو حقیقت پسندانہ سطح پر لانا ہوگا اور حکومت کو بھی تعمیراتی شعبے کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔