لیہ : شہریوں کو صاف، ستھرا اور خوشنما ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلع بھر میں ستھرا پنجاب مہم اور بیوٹی فیکیشن آف سٹیز مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لیہ امیر ابیدار نے چوک اعظم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کے انتظامات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نیازی بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب اور بیوٹی فیکیشن مہم کے تحت پارکوں، سڑکوں اور پبلک مقامات پر خصوصی صفائی ستھرائی، پودے لگانے، فٹ پاتھوں کی بحالی اور غیر قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ اس کے تسلسل اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت اور بہتر ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف مرکزی شاہراہوں بلکہ بازاروں اور گلی محلوں میں بھی صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے، جبکہ غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں تاکہ شہریوں کو کشادہ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے لیے دن رات سرگرم ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور شہر کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے صفائی اور خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل محمد فیصل نے مہم کی تفصیلات پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔