لیہ (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی کی جانب سے چوک اعظم میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کی نگرانی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فہد نور نے کی۔
آپریشن کے دوران مرکزی شاہراہوں، مین مارکیٹوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات، تھڑے اور دیگر رکاوٹیں بھاری مشینری کی مدد سے مکمل طور پر ہٹا دی گئیں۔ مستقل اور عارضی تجاوزات مسمار کر دی گئیں جبکہ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو سختی سے وارننگ دی گئی کہ آئندہ کسی بھی صورت میں سرکاری زمین پر تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فہد نور نے کہا کہ تجاوزات شہریوں کی آمد و رفت اور ٹریفک کی روانی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان کے خاتمے کے بغیر شہری سہولیات اور خوشگوار ماحول کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لیہ کی خصوصی ہدایات پر یہ آپریشن بلاتفریق جاری ہے اور قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص بالاتر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری حضرات اپنی اشیاء اور کاروبار صرف اپنی حدود میں رکھیں، سرکاری زمینوں کو خالی کریں تاکہ شہر میں صفائی، کشادگی اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
