لیہ :لاری اڈا میں واقع مشہور بیکری "لیہ سویٹس اینڈ بیکرز” کی عمارت کے اوپر قائم کمرے میں اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ دھواں اور شعلے دیکھ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بھرپور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جدید آلات اور پانی کے استعمال سے آگ پر قابو پایا۔ ان کی بروقت کارروائی کے باعث آگ شاپ کے نچلے حصے اور اردگرد کی عمارتوں تک نہ پہنچ سکی اور ایک بڑی تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا۔

ملک عمران سہارن، شاپ کے اونر، نے ریسکیو 1122 اور انجمن تاجران لیہ کی بروقت آمد اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں نے جس تیزی اور مہارت سے آگ بجھائی وہ قابلِ تعریف ہے، ورنہ لاکھوں روپے کا نقصان ہو سکتا تھا۔