’’تجاوزات سے پاک پنجاب‘‘ مہم کے تحت ضلع لیہ میں بھی بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر فہد نور نے پیرا فورس کے ہمراہ میونسپل کمیٹی چوک اعظم کا دورہ کیا اور شہر کی سڑکوں پر فلیگ مارچ کیا تاکہ عوام کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف انتظامیہ سخت ایکشن لینے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ یہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں اور عام شہریوں خصوصاً پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن شہروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اگر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تو عوام کھلے راستوں، بہتر ٹریفک نظام اور پرسکون ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کی کامیابی عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ شہری انتظامیہ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں تاکہ چوک اعظم کو ایک ماڈل سٹی بنایا جا سکے۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر فہد نور نے کہا کہ پیرا فورس دن رات شہروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ غیر قانونی تعمیرات اور فٹ پاتھوں پر قبضہ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ معاشرتی نظم وضبط کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور انتظامیہ کا مقصد صرف کارروائی کرنا نہیں بلکہ عوام کو یہ شعور دینا ہے کہ صاف ستھرا اور کھلا شہر ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانوں اور گھروں کے باہر سے تجاوزات فوری طور پر ختم کریں اور دوسروں کو بھی اس بارے میں آگاہ کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور سکون بحال ہو سکے۔