وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ماحول دوست اور گرین پاکستان وژن ضلع لیہ میں عملی شکل اختیار کرنے جا رہا ہے۔ اس وژن کے تحت لیہ میں 15 گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جو عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنیں گی۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے گرین الیکٹرک بس سروس کے لئے مجوزہ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 آفس کے عقب میں تجویز کردہ گرین بس پوائنٹ کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بس پوائنٹ پر ان آؤٹ گیٹس، شیڈز، عوام کے بیٹھنے اور پینے کے پانی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے/اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ لیہ کے عوام کے لیے کسی تحفہ سے کم نہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف شہریوں کو آرام دہ سفری سہولتیں حاصل ہوں گی بلکہ ماحول کو صاف رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
پہلے مرحلے میں گرین الیکٹرو بسیں لیہ سے چوک اعظم، کروڑ سے فتح پور، لدھانہ، پیر جگی اور چوک اعظم سے فتح پور کے روٹس پر چلیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع لیہ میں مزید گرین بسوں کی شمولیت کے لیے بھی سفارشات بھجوائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو اس سروس کا فائدہ پہنچ سکے۔