ضلع لیہ کے چک نمبر 93 ایم ایل کے گورنمنٹ گرلز ایلمینٹری سکول میں اساتذہ کی کمی کے مسئلے پر عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے فوری نوٹس لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ سکول میں بچوں کی تعداد کے تناسب سے اساتذہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی عمل متاثر نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سکول ایجوکیشن اتھارٹی نے فوری اقدام کرتے ہوئے مزید دو اساتذہ کو عارضی بنیادوں پر سکول میں خدمات سرانجام دینے کے لیے تعینات کر دیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زمانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ سکول میں پہلے صرف 3 اساتذہ تعینات تھے، تاہم نئے فیصلے کے بعد اب اساتذہ کی تعداد بڑھ کر 5 ہوگئی ہے۔ اس اقدام کو والدین اور مقامی عوام نے سراہا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور بچوں کو پڑھائی پر زیادہ توجہ دی جا سکے گی۔