’’سونا اگلتا پنجاب‘‘ مہم کے تحت محکمہ زراعت لیہ جعلی، غیر معیاری اور بغیر لائسنس بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیڈ انسپکٹر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ محمد طلحہ شیخ نے بھٹہ پور، گھاؤں والا اڈا، پیر جگہ شریف اور لدھانہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
کارروائی کے دوران تقریباً 70 ہزار روپے مالیت کا غیر معیاری کینولا اور رایا کا بیج ضبط کر لیا گیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات مجسٹریٹ درجہ اول کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔
اس موقع پر سیڈ انسپکٹر محمد طلحہ شیخ نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج فروخت کرنے والے کسانوں اور ملکی معیشت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ غیر معیاری زرعی مداخل کے مکروہ کاروبار کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور خوردنی تیل میں خود کفالت کے حصول کے لیے معیاری بیج کی فراہمی ناگزیر ہے، لہٰذا جعلی اور غیر معیاری بیج فروخت کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف کڑی سے کڑی کارروائی کی جائے گی تاکہ کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج فراہم ہو سکے۔