ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کے دورے کریں، نرخ ناموں کی سختی سے جانچ پڑتال کریں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے دکانداروں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔
مزید برآں، انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء دستیاب ہوسکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی کارکردگی کی رپورٹ باقاعدگی سے ڈپٹی کمشنر آفس جمع کرائیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔