لیہ ; وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تحصیل کروڑ لعل عیسن کے دریائی علاقے بیٹ مونگھڑ میں دریائی کٹاؤ کے سدباب کے لیے اسٹڈ بند کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لیہ امیرابیدار نے منصوبے کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں سابق ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد عثمان اولکھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز محبوب اقبال ہنجرا اور حارث حمید خان، ایکسین انہار عبدالروف سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹ مونگھڑ کے باسیوں کو درپیش سنگین مسئلے کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے مشترکہ سفارشات مرتب کیں جنہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے نہ صرف سنجیدگی سے سنا بلکہ فوری عملی اقدامات کا حکم دیا۔ انہی ہدایات کے تحت بیٹ مونگھڑ پر 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 10 اسٹڈ بند بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔
سابق ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سواگ اور مسلم لیگی رہنما عثمان اولکھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دریائی کٹاؤ سے متاثرہ آبادیوں اور زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے بھرپور عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ بیٹ مونگھڑ پر اسٹڈ بند کی منظوری انہی اقدامات کی ایک بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے انسانی جانوں، زرعی فصلوں، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔
تقریب میں شریک عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومتِ پنجاب کے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسٹڈ بند کی تعمیر سے ان کی کئی دہائیوں پرانی مشکلات ختم ہو سکیں گی۔