لاہور :پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) نے طلباء کے لیے معیاری تعلیم تک بآسانی رسائی یقینی بنانے کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم متعارف کروا دیا ہے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے طلباء نہ صرف تعلیمی مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے بلکہ اپنی سہولت اور رفتار کے مطابق سبق پڑھ اور سن بھی سکیں گے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نئی ویب سائٹ لانچ کی، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر پیف شاہد فرید نے پلیٹ فارم کے فیچرز اور اس کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود، سیکرٹری سکولز خالد نزیر وٹو اور پیف بورڈ ممبر رانا پھول الرحمٰن بھی موجود تھے جنہوں نے اس منصوبے کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
ویب سائٹ کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں:
- ✅ آڈیو لیکچرز: طلباء کسی بھی وقت سن کر سبق دہرا سکتے ہیں۔
- ✅ اسٹڈی میٹریل: امتحانی تیاری اور روزمرہ مطالعہ کے لیے جامع مواد دستیاب۔
- ✅ اہم مضامین: اردو، انگریزی، ریاضی اور سائنس کے لیکچرز اور نوٹس۔
- ✅ ڈاؤن لوڈ سہولت: مواد آف لائن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ ویب سائٹ تعلیم کے مواقع بڑھانے میں ایک تاریخی پیشرفت ہے، جو پنجاب بھر کے شہری اور دیہی طلباء کو یکساں اور منصفانہ تعلیمی سہولت فراہم کرے گی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ویب سائٹ کو باضابطہ طور پر طلباء کے لیے فعال کر دیا ہے۔
