لیہ: ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ضلع لیہ میں "ستھرا پنجاب” مہم، شہروں کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ "ستھرا پنجاب مہم” کے تحت ضلع بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مرکزی شاہراہوں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔
ڈی سی امیرا بیدار نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں کہیں بھی مین ہولز کھلے نہ ہوں۔ اس حوالے سے پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کو بھی چیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جہاں کہیں مین ہولز اوپن پائے جائیں تو مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر انہیں بند کروایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بڑے چوراہوں، پارکوں، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات کو تزئین و آرائش کے ذریعے پرکشش بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم ہو اور شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو۔