لیہ: تھانہ کوٹ سلطان پولیس نے ایس ایچ او محمد ہشام کی قیادت میں منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ شراب فروش اعجاز حسین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے 50 لیٹر تیار شراب، 120 لیٹر لہن اور چالو بھٹی بھی برآمد کرلی۔
یہ کارروائی اے ایس آئی صفدر حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی، جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق چھاپے کے دوران شراب کشید کرنے کا سامان بھی قبضے میں لیا گیا تاکہ مستقبل میں اس دھندے کو مزید جاری نہ رکھا جا سکے۔
ایس ایچ او محمد ہشام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اور شراب فروشی جیسے مکروہ دھندوں میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس کا مقصد معاشرے کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے پاک کرنا ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔