لیہ: سی ای او تعلیم ڈاکٹر عبد القیوم خان کے انقلابی اقدامات کے تحت سرکاری سکولوں میں سولر سسٹمز لگانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول چک 157 میں سولر سسٹم کا افتتاح کردیا گیا، جس کی نقاب کشائی ڈاکٹر عبد القیوم خان نے کی۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میمونہ ارم، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ناصر محمود، منیبہ قیوم اور سکول ہیڈ مسٹریس رشیدہ کوثر بھی شریک ہوئیں۔
ڈاکٹر عبد القیوم خان کا کہنا تھا کہ اب تک 25 سکولوں میں سولر سسٹم نصب ہوچکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر افتتاحی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے مخیر حضرات، سکول فنڈز اور ان اداروں سے تعاون لیا جا رہا ہے جن کے افسران انہی سکولوں سے تعلیم حاصل کر کے اعلیٰ مقام پر پہنچے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "سکولوں میں سولر سسٹم لگانا بہت بڑا صدقہ جاریہ ہے، جس میں سب کو حصہ ڈالنا چاہئے۔ اس سے نہ صرف طلبا کو سہولت میسر آئے گی بلکہ بجلی کے بلوں میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔”
تقریب کے دوران طالبات نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے جبکہ سی ای او تعلیم نے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔