لیہ: محکمہ زراعت توسیع لیہ کے زیراہتمام گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے سیڈ کٹس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ عاشق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد طلحہ شیخ اور دیگر افسران موجود تھے۔

مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لیے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے۔ پاکستان میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ عالمی معیار کے مطابق فی کس روزانہ 300 سے 350 گرام سبزیاں استعمال ہونی چاہئیں، جبکہ ہمارے ملک میں یہ مقدار صرف 100 سے 150 گرام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کچن گارڈننگ کے فروغ کے لیے گھروں کے باغیچوں اور کھیتوں میں سبزیاں اگانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے دو سو روپے مالیت کی سیڈ کٹس فراہم کی جارہی ہیں، جن میں مختلف اقسام کی سبزیوں کے بیج شامل ہیں۔
مقررین کے مطابق کچن گارڈننگ سے حاصل ہونے والی سبزیاں تازہ، صحتمند اور زرعی زہروں سے پاک ہوتی ہیں، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ وقاص مجاہد، زراعت آفیسران شائستہ قسور، اقبال بھٹی، شمشاد حسین سمیت کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔