لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے وسائل، خزانے اور پانی پر سب سے پہلے پنجاب کا حق ہے، پھر کسی اور کا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے سیلاب پر سیاست کرنے کا مشورہ کیا آپ کو مودی نے دیا تھا؟ لسانیت اور صوبائیت کو ہوا آپ خود دے رہے ہیں، وہ بھی باجماعت۔ انہوں نے کہا کہ سوالات اور جوابات کے لیے اسمبلی کا فورم موجود ہے، اگر آپ اسمبلی میں نہیں جاتے تو آپ کے لوگ تو وہاں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ میڈیا پر آکر پنجاب کے سیلاب پر مردہ سیاست زندہ کریں گے تو جواب بھی میڈیا پر ہی ملے گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کو پنجاب میں مریم نواز کے ڈلیور کرنے پر تکلیف ہو رہی ہے، آج سندھ کے عوام بھی مریم نواز کو پکار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہیں اور وہ پنجاب کے عوام کے حق میں بات کریں گی۔ اگر آپ پنجاب میں رہتے ہوئے پنجاب کے حق میں بات نہیں کرسکتے تو آپ کا اللہ حافظ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ پر دو دہائیوں سے ایک ہی خاندان قابض ہے، وہاں خدمت کے کون سے کارنامے انجام دیے گئے ہیں، یہ سب ہمیں معلوم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین ہفتوں سے آپ لوگ باجماعت پنجاب کے سیلاب پر سیاست کر رہے ہیں۔ واقعی ابھی تک آپ کے "میچور” لیڈر نے آپ کو پنجاب پر سیاست کرنے سے روکا ہوا ہے؟ جب سیاسی نابالغ اور نالائق لوگ آگے آتے ہیں تو وہ آفات پر بھی سیاست کرتے ہیں۔