
لیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کے تحت ضلع لیہ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی فورس (پیرا) کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں سپورٹس کمپلیکس لیہ میں پیرا فورس کی کمانڈ پریڈ (سلامی) کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پیرا فورس کے چاک و چوبند دستوں نے ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن پیرا فورس امیرا بیدار کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ایس ڈی ای او فہد نور، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کا خطاب
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لئے پیرا فورس قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس ضلعی انتظامیہ کا مضبوط بازو بن کر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ:
- گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خاتمے کے لئے پیرا فورس سرگرم کردار ادا کرے گی۔
- قانون کی عملداری، شفافیت اور انصاف کی فوری فراہمی اس فورس کا بنیادی ہدف ہے۔
- زمینوں کے معاملات خصوصاً ناجائز قبضہ واگزاری کو مختصر وقت میں حل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی توقعات پیرا فورس سے وابستہ ہیں، لہٰذا اس فورس کے جوان بلا امتیاز عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کا تحفظ اور خدمت یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو اور انہیں احساس تحفظ و اطمینان حاصل ہو۔