ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ اجلاس، اتائیت کے خاتمے اور معیاری ادویات کی فراہمی پر زور
لیہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے 5 کیسز پر وارننگ جاری کرنے، 7 کیسز کو ڈرگ کورٹ بھجوانے اور 3 کیسز کا دوبارہ معائنہ کرنے کے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے ہدایت کی کہ ڈرگ انسپکٹرز تمام میڈیکل اسٹورز اور ادویات ساز کمپنیوں کی سخت نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اتائیت کے خاتمے اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ درست ریکارڈ مرتب نہ کرنے والے میڈیکل اسٹور مالکان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور ہر میڈیکل اسٹور پر کوالیفائیڈ پرسن کی موجودگی لازمی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور مؤثر ادویات میسر آسکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اتائیت کے مکمل خاتمے تک یہ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
اجلاس میں ڈاکٹر محمد یونس کلیہ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈرگ کنٹرولر عدنان کمال اور سیکرٹری بورڈ عامر شکیل گورمانی بھی شریک ہوئے۔