لیہ: ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن لیہ کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسٹیشن پر مجموعی انتظامات، صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور دفاتر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹیشن پر موجود عوامی سہولیات مثلاً مسافروں کے بیٹھنے کے مقامات، پینے کے پانی کے انتظامات، واش رومز اور ٹکٹنگ سہولتوں کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ اسٹیشن آنے والے مسافروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، بالخصوص صفائی ستھرائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو ریلوے اسٹیشن پر خوشگوار اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے اسٹیشن کے عملے کو تاکید کی کہ مسافروں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور شکایات کے اندراج اور ان پر عملدرآمد کے لیے مؤثر نظام مرتب کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشن شہر کا مرکزی دروازہ ہے اور اس کی حالتِ زار براہِ راست ضلع کے تشخص کی عکاسی کرتی ہے، لہٰذا اسٹیشن کی خوبصورتی اور صفائی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔