30 ستمبر اور یکم اکتوبر 2025 کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے پراکسی گروپس فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ضلع کوئٹہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں خوارج دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 بھارتی سرپرست خوارج دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
اسی طرح ضلع کیچ میں ایک اور خفیہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر
راولپنڈی، یکم اکتوبر 2025