لیہ :تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ محمد شفیق تھند، صدر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز لیہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے بھرپور اور عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے ذمے دارانہ کردار کو مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو ڈینگی جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے اور لاروے کی تلفی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ:
- نرسریوں، ٹائر شاپس، کباڑ خانوں اور قبرستانوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔
- کسی بھی مقام پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔
- انسدادِ ڈینگی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں متحرک رہیں اور رپورٹ پیش کریں۔
فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز لیہ کے صدر محمد شفیق تھند نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پرائیویٹ سکولز فیڈریشن ڈینگی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے عوامی تعاون بھی ضروری ہے۔ شہری گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور غیر ضروری طور پر پانی جمع نہ ہونے دیں۔