چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان کی عالمی سطح پر تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں Bett Asia Ministerial and Policy Leaders’ Roundtable میں مدعو کیا گیا۔ یہ عالمی کانفرنس ملائیشیا کے معروف Mandarin Oriental Hotel میں منعقد ہوئی جس میں یونیسکو کی گلوبل ایجوکیشن کولیشن اور یو کے ڈیپارٹمنٹ فار بزنس اینڈ ٹریڈ کے تعاون سے دنیا بھر کے وزراء، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی ساز شریک ہوئے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس کا مقصد تعلیم میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانا اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس موقع پر ملک شعیب اعوان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف ملک کا وقار بلند کیا بلکہ عالمی برادری کے ساتھ نئے رجحانات، جدید پالیسیوں اور تعلیمی ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
یقیناً یہ اعزاز پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستانی تعلیمی ماہرین کی کاوشوں کو بھرپور تسلیم کرتی ہے۔