گورنمنٹ ہائی سکول چندرائن (لیہ) میں پہلی بار پیرینٹس ٹیچر میٹنگ (P.T.M) منعقد کی گئی جس میں والدین اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ والدین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہیڈماسٹر شاہد عباس ناصر کے علم دوست اقدامات کو سراہا اور آئندہ اجلاسوں میں مکمل تعاون اور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
میٹنگ کے دوران والدین اور اساتذہ کا تعارف کرایا گیا اور تعلیمی بہتری کے لیے مختلف نکات پر غور کیا گیا۔ ایجنڈے میں شامل اہم نکات میں کلاس وائز واٹس ایپ گروپس کے ذریعے روزانہ ہوم ورک والدین تک پہنچانے، والدین کی جانب سے بچوں کے ہوم ورک میں رہنمائی اور چیکنگ، طلبہ کی یونیفارم کے حوالے سے آگاہی، اور بچوں کے ٹیسٹ و ہوم ورک پر والدین کے کردار کو اجاگر کرنا شامل تھا۔

ہیڈماسٹر شاہد عباس ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی شرکت کے بغیر تعلیم کا عمل مکمل نہیں ہو سکتا اور یہ میٹنگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اس موقع پر انچارج بزمِ ادب مختار احمد گجر نے کہا کہ والدین کے تعاون سے اساتذہ بچوں کے بہتر مستقبل کی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔ انچارج کمپیوٹر سائنس احسن خان چانڈیہ نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کا یہ مثالی تعاون بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
انچارج ای سی سی روم محمد اعظم نیازی نے کہا کہ جدید سمعی بصری آلات سے لیس اسکول کا ای سی سی روم ایک فرینڈلی کلاس روم کی مانند ہے جو طلبہ کے سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔
کوٹ سلطان (سجاد منجوٹھہ)