ضلع لیہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت "سکول میل پروگرام” کے لیے 798 سرکاری سکول منتخب کر لیے گئے ہیں۔ ان سکولوں میں زیرِ تعلیم 99 ہزار سے زائد طلبہ کو سی ایم سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر امیرابیدار کی زیرِ صدارت اسکول ایجوکیشن اتھارٹی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، سی ای او تعلیم ڈاکٹر عبد القیوم، ڈی ای او گل شیر، زونل منیجر فوجی فوڈز فرقان علی، ڈسٹرکٹ منیجر محمد ذیشان اور دیگر افسران شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سرکاری سکولوں کے طلبہ کی تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے قابلِ ستائش اقدامات کر رہی ہیں۔ مفت داخلہ، مفت کتابیں، مفت یونیفارم اور دیگر سہولیات اُن کے ویژن کا حصہ ہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع لیہ میں یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت بچوں کو غذائیت سے بھرپور دودھ کے پیک فراہم کیے جائیں گے۔ بچے دودھ کے خالی پیک سکول میں جمع کرائیں گے جبکہ خالی ریپرز کی ری سائیکلنگ سے حاصل ہونے والی آمدن متعلقہ سکول پر ہی خرچ کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف بچوں کی جسمانی نشوونما اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گا بلکہ ان میں صحت مند سرگرمیوں کا رجحان بھی پروان چڑھائے گا۔