قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے پشاور میں منعقدہ پاکستان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے اور ملک کی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے، جس سے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں اور نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، خصوصاً مالم جبہ چیئر لفٹ جیسے منصوبے اس کی عکاسی کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس جدوجہد میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذاتی دکھ کے باوجود قوم نے امن اور ترقی کا راستہ اپنایا اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیہ اور تاریخ کے رشتے میں جُڑے ہوئے ہیں، اور ایک پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان نے بھارت کو مذاکرات اور تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ دیرینہ مسائل، بشمول کشمیر، سیاچن اور دہشت گردی، مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔
یوسف رضا گیلانی نے آخر میں کہا کہ اتحاد اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کے ذریعے ہی پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔