لاہور: پنجاب بھر میں شدید سموگ کے باعث محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں تمام آؤٹ ڈور سرگرمیاں اور کھیل معطل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ اساتذہ، والدین اور طلبہ کو سموگ سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کلاس رومز صاف اور اچھی طرح وینٹی لیٹڈ رکھے جائیں۔ سکولوں میں کچرا جلانے پر مکمل پابندی لگاتے ہوئے ویسٹ ڈسپوزل کے مؤثر انتظامات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
مزید برآں، دمے اور دل کے مریض طلبہ کا طبی ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ہر ضلع میں ایک فوکل پرسن نامزد کر دیا گیا ہے تاکہ محکمہ صحت کے ساتھ ہنگامی رابطے کا نظام فعال رہے۔
ضلعی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مانیٹرنگ کرنے اور سکولوں کو رہنمائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم کے لنکس اور رپورٹس محکمہ تعلیم کو باقاعدگی سے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔