لیہ :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ضلع لیہ میں سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت کے فروغ کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک، شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید، ملک محبوب ہنجرا، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ عاشق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد طلحہ شیخ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں سرکاری و غیر سرکاری اراضی پر بروقت گندم کی کاشت کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری رقبہ جات کی نشاندہی فوری طور پر مکمل کی جائے تاکہ گندم کی کاشت وقت پر ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گندم ایک بنیادی اور نقد آور فصل ہے، جس کی بہتر پیداوار سے غذائی تحفظ اور ملکی معیشت کے استحکام میں مدد ملتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کاشتکاروں کو فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید مشینری اور زرعی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ جدید طریقہ کاشت اپنائیں اور محکمہ زراعت کی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
مزید کہا گیا کہ کاشتکاروں میں آگاہی مہم چلائی جائے اور گندم کی بہتر پیداوار کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع لیہ میں کھاد، بیج یا زرعی مداخل کی کوئی قلت نہیں ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا زمین کی زرخیزی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سموگ کے پھیلاؤ کا بھی باعث بنتا ہے، لہٰذا کاشتکار آگ لگانے سے گریز کریں۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کی معاشی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ضلع لیہ گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کر کے صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے۔
