لیہ: دنیا بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی "انٹرنیشنل مینٹل ہیلتھ ڈے” جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام ایک بامقصد تقریب منعقد ہوئی جس میں ماہرینِ نفسیات، ڈاکٹرز، سماجی شخصیات، طلبہ اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار تھے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، پروفیسر حفیظ تھند اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ تقریب کی میزبانی ڈاکٹر تحسین اختر نے کی۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذہنی صحت ایک متوازن اور صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ذہنی دباؤ، اضطراب اور دیگر نفسیاتی مسائل کو سنجیدگی سے لینے اور ان کے بروقت علاج کے لیے معاشرتی سطح پر شعور بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو ذہنی و جسمانی صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو صحت مند زندگی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔
سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد ریاض اور ڈاکٹر تحسین اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، حالانکہ یہ انسانی شخصیت کی تکمیل کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں یہ آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے کہ ذہنی مسائل کا علاج ممکن ہے، اور متاثرہ افراد کو معاشرتی دباؤ یا شرمندگی کے بجائے حوصلہ و تعاون فراہم کرنا چاہیے۔
مقررین نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ میں ذہنی امراض کے علاج و معالجے کے لیے مؤثر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ماہرینِ نفسیات نے والدین، اساتذہ اور اداروں پر زور دیا کہ وہ ذہنی دباؤ کے شکار افراد کی رہنمائی کریں تاکہ ایک پُرامن، متوازن اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ذہنی صحت سے متعلق شعور و آگاہی پر مبنی معلوماتی مواد شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔
