لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے، ان کی یہ قربانی ملک میں امن و استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کے عزم، اتحاد اور قربانیوں سے جیتی جائے گی، ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔


