لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر لیہ امیرابیدار کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات ضلع لیہ کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور ممکنہ سموگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی کی زیر نگرانی محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے کوٹ سلطان اور لیہ کے مختلف علاقوں میں متعدد بھٹہ جات کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران دو بھٹہ جات کی غیر قانونی اینٹوں کی بھرائی مسمار کر دی گئی جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر چار بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔
محمد ارشد چغتائی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام بھٹہ مالکان زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
دریں اثنا، محکمہ ماحولیات کی جانب سے بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی میٹنگ بھی منعقد کی گئی جس میں انہیں سموگ کے دوران آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی سے متعلق حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات سے آگاہ کیا گیا۔

