
لیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "سرکاری سکول، معیاری سکول” کے تحت بچوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے گورنمنٹ پرائمری اسکول چک نمبر 124 ٹی ڈی اے میں طلبہ اسکول کونسل کے انتخابات نہایت خوش اسلوبی سے منعقد ہوئے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم محمد قیوم خان کی قیادت میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام ہم نصابی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رمضان تھند (تعلیم مرکز لیہ 1) کی نگرانی میں طلبہ کو جمہوری عمل، قیادت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
رمضان تھند نے کہا کہ اسکول کونسل کے انتخابات بچوں میں خود اعتمادی، فیصلہ سازی اور قیادت کے اوصاف پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، یہی طلبہ مستقبل میں ذمہ دار شہری بنیں گے۔
پروگرام کے انچارج نعمان سعید کی محنت اور راہنمائی کو اس موقع پر سراہا گیا۔ والدین نے کہا کہ اساتذہ اور انتظامیہ کی ایسی مثبت تعلیمی سرگرمیاں ضلع بھر میں تعلیمی ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
منتخب ہونے والے طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اسکول کے نظم و ضبط، صفائی ستھرائی، تعلیمی ماحول کی بہتری اور ساتھی طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔

