وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر پیغام میں بچوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آٹھ سال کے طویل انتظار کے بعد اب عوام لاہور میں زرافہ دیکھ سکیں گے۔ جنوبی افریقہ سے زرافے لاہور کے سفاری پارک پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور چڑیا گھر میں زرافے کے نئے جوڑے کی آمد سے ویران پڑے انکلوزر کی رونق بحال ہوگئی ہے۔ تین سال قبل نر زرافے کے مرنے کے بعد اس کی ساتھی مادہ اکیلی رہ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں کئی دہائیوں بعد پہلی مرتبہ بچوں کی زرافے دیکھنے کی خواہش اب پوری ہوگی۔ چڑیا گھروں کے ناگفتہ بہ حالات کے باعث جانوروں کی امپورٹ پر عائد دو سالہ پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ زرافوں کی آمد پنجاب وائلڈ لائف پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔ گزشتہ اٹھارہ ماہ میں وائلڈ لائف کے شعبے میں عالمی معیار کے مطابق تاریخی اصلاحات اور انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب لاہور زو اور سفاری پارک میں زرافوں کو دیکھ کر بچوں کی خوشیاں دوبالا ہوں گی۔


