ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز وقار الحسن بودلہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ میں واقع ملک کولیکشن سینٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ یہ کارروائی لیبارٹری سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں انکشاف ہوا کہ کولیکشن سینٹر سے حاصل کیے گئے دودھ کے نمونوں میں فیٹ کی مقدار انتہائی کم اور قدرتی غذائیت میں نمایاں کمی پائی گئی۔
معائنے کے دوران موقع پر موجود سینکڑوں لیٹر غیر معیاری دودھ ضائع کر دیا گیا جبکہ کولیکشن سینٹر کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ مزید برآں سینٹر کے مالک کے خلاف ایف آئی آر نمبر 1469/25 تھانہ کروڑ میں درج کرا دی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کی سرکوبی اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹی دودھ انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور اس کے استعمال سے بچوں کی نشوونما میں کمی اور کمزوری پیدا ہوتی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں ملاوٹ کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اور کسی بھی فرد یا گروہ کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔


