لاہور (خصوصی رپورٹ) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت انڈسٹریل اسٹیٹس سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کے قریب 400 ایکڑ رقبے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بھلوال، وہاڑی اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹس سعودی سرمایہ کاروں کو آفر کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی چار انڈسٹریل اسٹیٹس غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لیے پیش کی جائیں گی تاکہ صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
مزید برآں، اجلاس میں چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ کو محکمہ فشریز کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران فیڈمک (FIEDMC) اور پیڈمک (PIEDMC) میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں اور مالی گھپلوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کو پیش کی جانے والی آڈٹ رپورٹ میں ان اداروں میں متعدد بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ
“سابقہ دورِ حکومت میں ناک کے نیچے فراڈ ہوتا رہا، کسی نے پرواہ نہیں کی۔ اب سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔”
انہوں نے فیڈمک، پیڈمک اور دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کی پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ شفافیت اور مؤثر انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹس کو کامیاب بنانے کے لیے رولز اینڈ ریگولیشن میں ترامیم پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور نئے صنعتی زونز صوبے کی معیشت میں انقلابی تبدیلی لائیں گے۔

