لیہ — صوبے بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس سے عام شہری سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ ٹماٹر، پیاز، آلو، دھنیا، ہری مرچ، ادرک اور لہسن سمیت روزمرہ استعمال کی سبزیوں کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت 400 سے 600 روپے، پیاز 200 روپے، آلو 120 روپے، جبکہ لہسن 800 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ ادرک کی قیمت بھی 1000 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ پیداوار میں کمی، ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ اور بارشوں سے فصلوں کو نقصان قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ناجائز منافع خور کھلے عام عوام کو لوٹ رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ کنٹرول سسٹم کو مؤثر بنایا جائے، مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عام آدمی کے لیے سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا معائنہ کریں اور گراں فروشوں کے خلاف فوری جرمانے اور کارروائیاں عمل میں لائیں۔


