لیہ :محکمہ زراعت لیہ کی جانب سے غیر معیاری اور جعلی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ فرٹیلائزر کنٹرولر محمد طلحہ شیخ نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ عاشق حسین کی نگرانی میں میاں بہادر موڑ پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی زائدالمیعاد کھاد قبضے میں لے لی۔ دوکان پر بغیر انوائس کے ایکسپائر شدہ کھاد فروخت کی جا رہی تھی۔

ضبط شدہ کھاد بطور مالِ مقدمہ پولیس کے حوالے کر دی گئی جبکہ اسسٹنٹ فرٹیلائزر کنٹرولر کی مدعیت میں ملزم کے خلاف پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ 2025ء کے تحت تھانہ سٹی لیہ میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے استغاثہ دائر کر دیا گیا ہے۔
موقع پر کھاد کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
محمد طلحہ شیخ نے کہا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت کے مطابق محکمہ زراعت توسیع لیہ جعلی زرعی مداخل کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس مکروہ دھندے کی بیخ کنی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


