لیہ:ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی زیر صدارت رات گئے پلس پروجیکٹ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کیسز کی پیش رفت، ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور سائلین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کیسز کو شفاف، تیز رفتار اور میرٹ پر نمٹایا جائے تاکہ عوام کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پلس پروجیکٹ حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے، جس کے تحت ریونیو نظام میں شفافیت، جدیدیت اور عوامی سہولت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید تاکید کی کہ ڈیجیٹل ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور درستگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی شہری کو زمین یا ریونیو معاملات میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔


