لیہ: ٹریفک قوانین آگاہی مہم کے تحت لیہ پولیس اہلکاروں میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔ ڈی پی او لیہ حسن جاوید بھٹی کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے مختلف تھانوں، چوکیوں اور ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کو معیاری ہیلمٹ فراہم کیے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک ظفر اقبال نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد صرف شہریوں کے لیے نہیں بلکہ پولیس اہلکاروں کے لیے بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران اور ذاتی سفر میں ہیلمٹ کا استعمال اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی تقاضا ہے۔
ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے کہا کہ لیہ پولیس کی یہ مہم اس اصول پر مبنی ہے کہ پولیس خود مثال قائم کرے تو عوام بھی زیادہ سنجیدگی سے قوانین پر عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے اور ہیلمٹ کی فراہمی اس سلسلے کا اہم حصہ ہے۔
پولیس اہلکاروں نے ہیلمٹ کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ان کی جانوں کے تحفظ میں مددگار ہو گا بلکہ انہیں ڈیوٹی کے دوران حفاظتی اصولوں کی پابندی کا احساس بھی دلائے گا۔


