
شہریوں کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ حسن جاوید بھٹی نے تھانہ سٹی کے علاقہ میں تین مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہریوں میں مرد و خواتین سائلین نے اپنے مسائل پیش کیے، جنہیں ڈی پی او نے فرداً فرداً سنا اور متعلقہ افسران کو میرٹ پر فوری ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شکایات کو حقائق کی بنیاد پر حل کیا جائے اور جلد از جلد فیڈ بیک فراہم کیا جائے۔ سائلین نے اپنے انفرادی نوعیت کے مسائل پر مبنی تحریری درخواستیں بھی پیش کیں۔
کھلی کچہری کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او لیہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد رکھیں اور قانون کی عمل داری میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
Source:
News desk


